بھٹکل:2/مئی (ایس او نیوز)منگلوروسے ممبئی جانے والی سی ایس ٹی ایکسپریس ٹرین کے انجن میں اچانک آگ لگ جانے سے ٹرین کو مرڈیشور ریلوے اسٹیشن پر روک دینا پڑا، قریب دو گھنٹوں بعد ٹرین کو نیا انجن جوڑنے کے بعد ٹرین کو ممبئی کے لئے ہری جھنڈی دکھادی گئی۔ واقعہ آج بدھ کی شام قریب چھ بجے پیش آیا۔
ساحل آن لائن سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے ایک مسافر نے بتایا کہ ٹرین جب شرالی سے گذرتے ہوئے آگے بڑھ رہی تھی تو انجن سے دھواں نکلتا ہوا دیکھا گیا، بعد میں پتہ چلا کہ انجن میں آگ لگ گئی ہے۔ ڈرائیور نے انجن سے دھواں نکلتے ہوئے دیکھ کر فوری ٹرین کو مرڈیشور ریلوے اسٹیشن پر روک دیا ، اس موقع پر ٹرین کے عملے نے ہی فوری طور پر آگ پر قابو پالیا۔قریب دو گھنٹوں تک ٹرین مرڈیشور اسٹیشن پر ہی رُکی رہی، بعد میں انجن کو تبدیل کرکے ٹرین ممبئی کے سفر کے لئے نکل پڑی۔ اس مسافر نے بتایا کہ آگ لگنے کا پتہ کسی مسافر کو بھی نہیں چل پایا، البتہ ٹرین جب کافی وقت کے لئے رُکی رہی تو ٹرین کے عملہ نے بتایا کہ انجن میں آگ لگی تھی اس لئے ٹرین کو روکا گیا ہے۔ مسافر کے مطابق کافی وقت تک ٹرین مرڈیشور اسٹیشن میں رُکنے کی وجہ سے کاروار اور گوا جانے والے اکثر مسافر مرڈیشور میں ہی اُتر گئے اور دوسری ٹرین پر سوار ہوکر اپنا سفر جاری رکھا، البتہ ممبئی جانے والے مسافروں کو انجن بدلنے تک انتظار کرنا پڑا۔
واقعے کے تعلق سے پوچھے جانے پر مرڈیشور ریلوے اسٹیشن ماسٹر مسڑ مورتی نے انجن کو آگ لگنے کی تصدیق کی اور بتایا کہ تکنیکی خرابی کی وجہ سے ٹرین کے انجن میں آگ نظر آگئی تھی، جس کی وجہ سے ٹرین کو مرڈیشور ریلوے اسٹیشن پر قریب دو گھنٹوں تک روک دیا گیا تھا،بعد میں انکولہ سے انجن منگوالیا گیا اور انجن کو تبدیل کرنے کے بعد ٹرین کو آگے جانے کی اجازت دی گئی۔